Fursat | Ibn Raza



مانا کہ اب وہ پہلی سی فرصت نہیں اُسے
کیسے یہ مان لوں کہ محبت نہیں اُسے


تیور بتا رہے ہیں سبھی حالِ دل مجھے
لفظوں کے پیرہن کی ضرورت نہیں اُسے


غمگین بھی ہے ترکِ مراسم پہ وہ مگر
لہجے کی تلخیوں پہ ندامت نہیں اُسے


رہتا ہے التفات میں وہ دوستوں کے گم
ایسے میں دشمنوں کی ضرورت نہیں اُسے


کرتا وہ کیا وضاحتِ پہلو تہی رضؔا
میں جانتا ہوں اس کی بھی عادت نہیں اُسے

Comments

Popular Posts